اسلام آباد (رضوان عباسی): رئیسہ عادل پرنسپل انفارمیشن آفیسر مقرر کر دی گئی ہیں۔ وفاقی حکومت نے وزارتِ اطلاعات و نشریات میں اہم انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے انفارمیشن گروپ کی سینئر افسر رئیسہ عادل کو نئی پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) تعینات کر دیا ہے، جبکہ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 20 کی افسر رئیسہ عادل کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) اسلام آباد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ان کی تعیناتی فوری طور پر اور تاحکمِ ثانی مؤثر ہوگی، جبکہ وہ اپنے موجودہ پے اسکیل اور تنخواہ پر نئی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔
رئیسہ عادل پرنسپل انفارمیشن آفیسر مقرر ہونے سے قبل وزارتِ اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ میں بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل خدمات انجام دے رہی تھیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ان کی تقرری کی منظوری دی، جس کے بعد وزارت نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
رئیسہ عادل انفارمیشن گروپ کی گریڈ 20 کی سینئر افسر ہیں اور ان کا تعلق 29ویں کامن سے ہے۔ ان کا ڈومیسائل سندھ اربن ہے۔ انہوں نے 11 فروری 2002 کو سول سروس میں شمولیت اختیار کی تھی، جبکہ وہ 14 مئی 2036 کو اپنی سرکاری مدتِ ملازمت مکمل کریں گی۔
دوسری جانب سبکدوش ہونے والے پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ سرکاری حلقوں کے مطابق انہوں نے اپنے دورِ ذمہ داری میں پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیے اور وزارتِ اطلاعات کے مختلف امور میں اہم کردار ادا کیا۔


