پشاور: خیبر پختونخوا بارش کی پیشگوئی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے نئی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر بالا، دیر لوئر، چترال اپر، چترال لوئر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر اور باجوڑ کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا بارش کی پیشگوئی میں مزید کہا گیا ہے کہ ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان موجود ہے۔ بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً نشیبی علاقوں، پہاڑی راستوں اور کمزور تعمیرات کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت پشاور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں 42 ڈگری، پٹن اور تخت بھائی میں 40 ڈگری، دیر اور چترال میں 35 ڈگری جبکہ کالام اور مالم جبہ میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


