اسلام آباد (اوصاف نیوز) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کینیڈا اور برطانیہ میں ریل سروسز کے ساتھ تاریخی معاہدہ کرلیا، پی آئی اے نے ایک ہی ٹکٹ پر ہوائی اور ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کردی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت پی آئی اے کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو ایک ہی ٹکٹ پر ٹورنٹو، مانچسٹر اور لندن میں ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے ٹورنٹو پہنچنے والے مسافر ACE ریل سروس کے ذریعے کینیڈا کے آٹھ اہم شہروں کا سفر کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ذریعے برطانیہ میں مانچسٹر اور لندن جانے والے مسافروں کو ACE ریل سروس کے ذریعے پچاس سے زائد شہروں تک رسائی حاصل ہو گی۔
ترجمان نے کہا کہ مسافر ائیرلائن کے تمام بکنگ دفاتر اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس سے ریل سروس ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ ٹکٹوں کی بکنگ کی سہولت پی آئی اے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن پر بھی دستیاب ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق معاہدے کا بنیادی مقصد مسافروں کو ان کی دہلیز پر بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ایئر ٹو ریل پارٹنرشپ پی آئی اے کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹل اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ ‘Acess Rail’ ایک عالمی کمپنی ہے جو ایئر لائنز اور ریلوے کے درمیان پل کا کام کرتی ہے۔ پی آئی اے اور اس کمپنی کے درمیان جنوری 2020 میں ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت مسافروں کو پی آئی اے کے بکنگ پلیٹ فارم کے ذریعے برطانیہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں ٹرین ٹکٹ بک کرنے کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
جولائی 2025 میں برطانیہ کی جانب سے پی آئی اے پر سے پابندی ہٹانے کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے اب مسافروں کو دوبارہ یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:انڈونیشیا کا پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان


