لاہور (اوصاف نیوز) شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 اور ایم 3 کو مختلف مقامات پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بڑی گاڑیوں کے لیے موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم 3 فیض پور سے سمندری تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے روڈ یوزرز کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، جبکہ دھند میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات نسبتاً محفوظ تصور کیے جاتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اہم خبر آگئی




