نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) ایئر انڈیا کے اے 350 طیارے کے دوسرے انجن سے کارگو کنٹینر ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں طیارے کو شدید نقصان پہنچا۔ طیارہ نیویارک کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث اسے نئی دہلی واپس آنا پڑا۔
یہ واقعہ آج صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 25 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب طیارہ اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد ٹیکسی وے سے ایپرن کی طرف بڑھ رہا تھا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے مطابق اس وقت حد نگاہ کم تھی۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ٹگ کارگو کنٹینرز کو ٹرمینل 3 کے بیگیج میک اپ ایریا میں لے جا رہا تھا۔ گاڑیوں کی لین عبور کرتے ہوئے ایک کنٹینر ٹیکسی وے کے درمیان میں گرا اور جہاز کے دوسرے انجن سے ٹکرا گیا۔ دھاتی ٹکڑوں کو ہٹانے کے بعد جہاز کو کھڑا کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایران نے امریکہ کے ساتھ کشیدگی اور اندرونی بدامنی کے بعد اپنی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا اور صرف خصوصی پروازوں کی اجازت دی گئی تھی۔ بندش تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہی۔
ہندوستان کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگونے کہا کہ اچانک فضائی حدود بند ہونے سے کچھ بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوں گی۔ ایئر انڈیا نے کہا کہ پروازوں کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں تاخیر یا منسوخی ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:خواتین کے لیے مسجد الحرام میں انقلابی سہولتیں،اہم اعلان سامنے آگیا!

