لاہور (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو دسمبر کے لیے پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مچل اسٹارک کو ایشیز سیریز میں شاندار کارکردگی کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے سیریز کے تین میچوں میں مجموعی طور پر 16 وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد دیگر کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر جیکب ڈفی شامل تھے۔ جسٹن گریوز نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 56.60 کی اوسط سے 283 رنز اسکور کیے، جبکہ جیکب ڈفی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 15.43 کی اوسط سے 23 وکٹیں حاصل کیں۔
ایوارڈ حاصل کرنے پر مچل اسٹارک نے کہا کہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور آسٹریلوی ٹیم نے حالیہ برسوں میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ایشیز سیریز میں انگلینڈ کو 1-4 سے شکست دی تھی جبکہ مچل اسٹارک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:جرمنی میں نوکری کا ارادہ رکھتے ہیں؟ اہم تفصیلات جانیں


