لاہور(اوصاف نیوز) حکومت پنجاب کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام صوبے بھر میں ہزاروں خاندانوں کی زندگیاں بدلنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اب تک 64 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے، جس سے مستحق افراد کو کرایہ داری اور غیر یقینی صورتحال سے نجات ملی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق پروگرام کے تحت پہلی قسط میں ایک لاکھ 21 ہزار 480 قرضے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 21 ہزار 390 خاندانوں کو جلد دوسری قسط فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 18 ہزار 240 نئے منظور شدہ قرضے بھی آئندہ دنوں میں جاری کیے جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 5 ارب 53 کروڑ روپے کی ریکوری مکمل ہو چکی ہے اور منصوبے پر شفاف، تیز اور مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔ شہر اور دیہاتی دونوں علاقوں میں گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق مستحق افراد تک آسان رسائی کے لیے صوبے بھر میں دفاتر قائم کیے گئے ہیں جبکہ آن لائن درخواست کا طریقہ کار بھی نہایت سادہ اور آسان رکھا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:پنجاب کے سرکاری سکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری

