واشنگٹن (اوصاف نیوز) امریکا کی ریاست ورجینیا میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی جہاں پہلی بار ایک مسلم خاتون نے نائب گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ غزالہ ہاشمی نے قرآن پاک پر حلف لے کر بطور لیفٹیننٹ گورنر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گورنر کا عہدہ بھی ایک خاتون رہنما نے سنبھالا۔ سابق رکن کانگریس ایبی گیل اسپین برجر نے بطور گورنر حلف اٹھایا، جبکہ ورجینیا کی تاریخ میں پہلی بار اٹارنی جنرل کا منصب سیاہ فام رہنما جے جونز کے حصے میں آیا۔
غزالہ ہاشمی نہ صرف ورجینیا کی پہلی مسلم نائب گورنر ہیں بلکہ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بھی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کے موقع پر انٹرفیتھ پرئیر بریک فاسٹ کا اہتمام کیا گیا، جہاں امام شریف نے خصوصی دعا کرائی۔
تقریب میں سینیٹر صدام ازلان سلیم، سینیٹر کنعان سمیت متعدد معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر ایڈمز اسکاؤٹنگ امریکا اور گرلز اسکاؤٹس نے پریڈ میں شرکت کی، جس کی قیادت رضوان جاکا، احسن اللّٰہ، بیتھنی رشید اور دیگر نے کی۔
اس موقع پر رضوان جاکا نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت ریاست میں اتحاد، ہم آہنگی اور تنوع کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ جبکہ گورنر کے ایشین امریکن ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین منصور قریشی نے توقع ظاہر کی کہ گورنر، لیفٹیننٹ گورنر اور پوری کابینہ ورجینیا میں بلا امتیاز عوام، بالخصوص جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی خدمت کرے گی۔
مزید پڑھیں:آرلینڈو ایئرپورٹ پر 200 مسافروں کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا
