لاہور (اوصاف نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے سیفٹی راڈز کیمپس کے تحت موٹرسائیکلوں پر سیفٹی راڈز لگانے کی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
کمشنر لاہور مریم خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے آزادی چوک پر قائم سیفٹی راڈ کیمپ کا افتتاح کیا، جہاں موٹرسائیکلوں پر سیفٹی راڈز نصب کیے گئے۔ اس موقع پر اعلیٰ حکام نے سیفٹی راڈز لگانے کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لاہور مریم خان نے کہا کہ شہریوں خصوصاً بائیکرز کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا عملی اقدام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بسنت کے تین روزہ تہوار کے دوران سیفٹی راڈ کے بغیر کوئی بھی موٹرسائیکل لاہور کی سڑکوں پر نہیں آ سکے گی۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ محفوظ بسنت کے لیے بائیکرز کی سیفٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور 6 فروری 2026 سے قبل ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعی اجازت نہیں ہو گی۔ محفوظ بسنت کی تاریخوں اور قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صرف ضلع لاہور کی حدود میں تین روزہ “محفوظ بسنت” کا انعقاد 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو کیا جائے گا۔ بسنت کے دنوں میں شہریوں کے لیے فری رائیڈ سروس بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ پتنگ اور ڈور کی فروخت کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک ہو گی۔
کمشنر لاہور کے مطابق کائٹ فلائنگ مٹیریل کی تیاری کی اجازت بھی صرف ضلع لاہور میں ہو گی، اور صرف رجسٹرڈ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کو کاروبار کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت موٹرسائیکل سواروں کے لیے سیفٹی وائرز اور راڈز لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ بسنت کے دوران تمام محکمے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محفوظ بسنت کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں اور شہر میں قائم سیفٹی راڈ کیمپس سے اپنی موٹرسائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز لگوائیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ شہر بھر میں قائم 100 روڈ سیفٹی کیمپس کے ذریعے روزانہ 50 سے 60 ہزار موٹرسائیکلوں پر سیفٹی راڈز نصب کیے جا رہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ محفوظ بسنت مہم کے تحت روڈ سیفٹی کیمپس کے ذریعے 10 لاکھ سے زائد سیفٹی راڈز موٹرسائیکلوں پر لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:راحت فتح علی خان کا بیٹی کی رخصتی سےمتعلق اہم انکشاف
