اسلام آباد (اوصاف نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور ابر آلود موسم، کئی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش، جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چند علاقوں میں شدید بارش اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، کرم، خیبر، ہنگو، پاراچنار، باجوڑ، بنوں، لکی مروت، ٹانک، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، چکوال، اٹک، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی موسم سرد اور ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ مری اور گلیات کے علاقے بھی برفباری کے لیے حساس ہیں۔
بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی متوقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی اور لورالائی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں، بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، خاص طور پر استور اور اسکردو میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت مندرجہ ذیل ریکارڈ کیا گیا:لہہ: منفی 12°C،کالام، زیارت: منفی 08°C،استور، گوپس، پاراچنار: منفی 07°C،مالم جبہ، قلات، راولاکوٹ: منفی 05°C،نتھیاگلی: منفی 04°C
مزید پڑھیں:وزارت مذہبی امور کی جانب سے اہم اعلان


