کراچی (اوصاف نیوز) ایک بار پھر معروف اینکر اور صحافی اقرار الحسن اور ان کی اہلیہ عروسہ خان پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کی دنیا میں ٹاک آف دی ٹاؤن بن گئے۔ اس بار وجہ عروسہ خان کو ان کے شوہر کی جانب سے ملنے والے قیمتی تحائف اور لگژری آئٹمز کی نمائش تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عروسہ خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے شوہر کی جانب سے دیے گئے تحائف کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بہت سی قیمتی اشیاء ملی ہیں جن میں مہنگے کپڑے، زیورات، مہنگی گھڑیاں، ڈیزائنر کوٹ، فیشن ایبل شیشے، انگوٹھیاں، بالیاں اور جدید ترین آئی فون 17 پرو شامل ہیں۔ عروسہ خان نے نہ صرف ان تحائف کا ذکر کیا بلکہ کچھ اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں بھی بتایا جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
ان انکشافات کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طرح طرح کے ردعمل سامنے آئے۔ کئی صارفین نے عروسہ خان کے انداز کو غیر ضروری نمائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ذاتی زندگی اور تحائف کو عوام کے سامنے لانا مناسب نہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ سادگی اور اعتدال پسندی خوشگوار ازدواجی زندگی کی اصل پہچان ہے اور عام لوگ مقامی بازاروں سے خریداری کو ترجیح دیتے ہیں۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے طنزیہ تبصرے بھی کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کے بعد ایک شخص کئی شادیاں کرسکتا ہے جب کہ دیگر صارفین نے بھی اسی طرح کے طنزیہ جملوں کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ تاہم چند لوگوں نے عروسہ خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس وسائل ہیں تو تحفہ دینا اور وصول کرنا ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
واضح رہے کہ عروسہ خان اقرار الحسن کی تیسری اہلیہ ہیں اور ان کی شادی اکتوبر 2023 میں ہوئی تھی، اقرار الحسن کی پہلی شادی 2006 میں قرۃ العین سے ہوئی تھی، جن سے ان کا ایک بیٹا پہلا حسن ہے۔ بعد ازاں انہوں نے 2012 میں میڈیا شخصیت فرح یوسف سے شادی کی جسے تقریباً پانچ سال تک خفیہ رکھا گیا۔
مزید پڑھیں:ٹی 20ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا، جانیے اہم تفصیلات



