لاہور( شوبز ڈیسک)لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں سابقہ گلوکارہ اور سماجی رہنما رابی پیرزادہ کو ہراساں کیے جانے کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈیفنس سی پولیس کے مطابق رابی پیرزادہ کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز ڈیفنس فیز 7 میں پیش آیا، جہاں ایک کار میں سوار شخص نے رابی پیرزادہ اور ان کے ڈرائیور کو ہراساں کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نے بدتمیزی کے ساتھ ساتھ تشدد بھی کیا، جبکہ مزاحمت کرنے پر رابی پیرزادہ کے ڈرائیور کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایف آئی آر میں درج حقائق کے مطابق ملزم کے جارحانہ رویے نے صورتحال کو مزید کشیدہ بنا دیا، جس کے بعد متاثرہ فریق نے پولیس سے رجوع کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقائق سامنے لا کر قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
مزید پڑھیں:اسلاموفوبیا کے خلاف برطانوی بچے کی مہم، مسجد نبویؐ تک جا پہنچی
