ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے شوہر کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں پر واضح جواب دیتے ہوئے خاموشی توڑ دی ہے۔
ایک شوبز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق 43 سالہ اداکارہ نے پہلی بار ان قیاس آرائیوں پر کھل کر بات کی ہے جو شروع سے ہی اس جوڑے کے گرد گھوم رہی تھیں۔ گزشتہ دنوں ان کی مبینہ علیحدگی کی خبریں بھی سامنے آئیں جس کے بعد یہ معاملہ مزید زیر بحث آیا۔
پریانکا چوپڑا نے کہا کہ وہ آج تک یہ نہیں سمجھ سکی کہ ان کی شادی میں ایسی کون سی چیز تھی جو کچھ لوگوں کو پریشان کر رہی تھی۔ ان کے مطابق، اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ اور ان کے شوہر کا تعلق مختلف ثقافتی پس منظر سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کے دوران مختلف ممالک، مذاہب، ثقافتوں اور عمر کے فرق پر ہونے والی بحث کسی حد تک تکلیف دہ ضرور تھی لیکن وہ اور ان کے شوہر نے ان چیزوں کو اہمیت دینے کے بجائے اپنے رشتے کو ترجیح دی۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کی شادی کو آٹھ سال ہو گئے ہیں اور اگر کچھ لوگ اب بھی اس کے ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تو یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ ان کے بقول وہ اس بارے میں مزید سوچنا مناسب نہیں سمجھتی کیونکہ ہر کسی کو اپنے فیصلے خود کرنے اور جس کے ساتھ چاہے رہنے کا حق ہے۔
انہوں نے اپنے شوہر نک جونس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں خلوص اور سنجیدگی جیسی خوبیاں ہیں جو انہیں اپنے والدین سے وراثت میں ملی ہیں۔ پریانکا کے مطابق جب ان کی پہلی بار نک جونس سے ملاقات ہوئی تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ بھی ایک جیسا مزاج اور سوچ رکھتے ہیں اور یہی ہم آہنگی ان کے تعلقات کو مضبوط بناتی ہے۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے نک جونس سے 2018 میں شادی کی تھی، شادی کی تقریبات بھارتی ریاست راجستھان میں منعقد کی گئیں۔ اس وقت پریانکا کی عمر 36 سال تھی اور نک جونس کی عمر 26 سال تھی۔ جنوری 2022 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام مالتی میری رکھا گیا۔
مزید پڑھیں:باچا خان یونیورسٹی میں انڈین ترانہ گانے پر چار طالب علم کو یونیورسٹی سے نکال دیا


