Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر کو بڑا ریلیف دے دیا

اسلام آباد (اوصاف نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی (فوسپا) کے فیصلے پر عملدرآمد عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت نے 13 فروری کو جاری کیے گئے فوسپا کے فیصلے کو فی الحال غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر کے خلاف ہراسانی الزامات پر دی گئی سزا پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد Health Services Academy کے وائس چانسلر کی برطرفی کا فیصلہ بھی معطل ہو گیا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت ایوانِ صدر پہنچا جب فوسپا کے فیصلے کے خلاف باضابطہ درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فیصلہ حقائق کے منافی ہے اور اسے مکمل شواہد کے تناظر میں دوبارہ جانچا جانا چاہیے۔

صدرِ مملکت نے Federal Ombudsman Pakistan کے فیصلے کو وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی ریفارمز ایکٹ کے تحت 60 روز کے لیے معطل کرتے ہوئے فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 روز کے اندر مکمل دستاویزات اور شواہد جمع کرائیں۔

ایوانِ صدر نے کیس کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں کارروائی دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر آگے بڑھائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت نے درخواست موصول ہوتے ہی حکم پر فوری عملدرآمد روک دیا تھا اور اب وہ خود اس کیس کا تفصیلی جائزہ لیں گے، جس کے بعد حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔
مزید پڑھیں:بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنے کی تجویز زیر غور

یہ بھی پڑھیں