اسلام آباد( اوصاف نیوز) عمرانخان کی اڈیالہ جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کمپاؤنڈ میں سات سیل شامل ہیں اور یہ 30 سے 35 قیدیوں کی رہائش گنجائش رکھتا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کو صبح سے شام تک قدرتی روشنی اور تازہ ہوا تک رسائی حاصل ہے۔ وہ لان میں بیٹھ کر کتابیں اور اخبار پڑھ سکتے ہیں اور دھوپ میں چہل قدمی کرتے ہیں۔ ورزش کے لیے انہیں سائیکلنگ مشین اور دیگر جم کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں ناشتے اور کھانے کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ صبح کے ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ اور چیا سیڈز شامل ہیں، جبکہ مسمی اور انار کا رس بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ دوپہر کے کھانے میں مقامی چکن، مٹن، سلاد، ملا ہوا اچار، آلو کے چپس، تلے ہوئے انڈے اور مکسڈ دال شامل ہیں۔ شام میں بادام، کشمکش، پسا ہوا ناریل، دودھ، کھجور، کیلا اور سیب کے شیک دیے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کمپاؤنڈ 57 فٹ لمبا اور 14 فٹ چوڑا کوریڈور رکھتا ہے اور اس کے ساتھ ایک لان بھی موجود ہے۔
وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی کو کتابیں اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ عدالتی حکم پر اٹک جیل میں سہولیات سے متعلق رپورٹ بھی 24 اگست 2023 کو جمع کرائی گئی تھی۔ حکومت کے مطابق اس وقت کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے حکم جاری نہیں ہوا تھا، لیکن پنجاب حکومت نے 11 اگست 2023 کو بانی پی ٹی آئی کے لیے بہتر سہولیات کی منظوری دی تھی۔
سپریم کورٹ میں جمع ہونے کے بعد یہ رپورٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور عوام میں شدید بحث کا موضوع بن گئی ہے۔
مزید پڑھیں:رمضان میں دکانیں رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ، جانیںاہم تفصیلات


