Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

کراچی امریکی کونسل خانے پر حملہ ہو گیا

کراچی (اوصاف نیوز)گزشتہ روز ایران پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملے کے خلاف کراچی میں مظاہرین نے امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس دوران کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی۔

پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے امریکی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا جس پر پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے آنسو گیس شیل کا استمال کیا اور مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان بھی امریکی قونصل خانے پہنچ گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث سلطان آباد سے مائی کولاچی کی طرف جانے والی سڑک بند کردی گئی ہے جبکہ اطراف میں ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

اسی طرح بوٹ بیسن سے آنے والی گاڑیوں کو مائی کولاچی پھاٹک سے یوٹرن کروایا جا رہا ہے جبکہ پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو پارک کٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔

دوسری جانب لاہور پریس کلب کے سامنے بھی مظاہرہ کیاگیا اور مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے باہر توڑ پھوڑ کی تاہم پولیس نے مظاہرین کو امریکی قونصلیٹ کے قریب جانے سے روک دیا۔

یہ کشیدگی ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ تنازع سے جڑی ہوئی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں، اور ایران نے جوابی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اس کشیدگی کے اثرات پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں عوامی ردعمل بھی اسی صورت حال کا حصہ ہے۔ مختلف شہروں میں امریکی مشن کے سامنے احتجاج اور ریلیاں جاری ہیں، جہاں لوگوں نے ایران کے حق میں اور امریکی اقدامات کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے ہیں۔ پولیس نے بعض مقامات پر ریلیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی ہے، تاہم ابھی تک کسی بڑے تصادم کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ماہرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی سطح پر توانائی کی مارکیٹ، تیل اور گیس کی ترسیل پر اثر ڈال سکتی ہے، جبکہ پاکستان میں بھی اس کے اثرات سیاسی اور معاشرتی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

پاکستانی حکومت نے شہریوں سے تحمل اور پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے، جبکہ سکیورٹی ادارے الرٹ ہیں اور امریکی کونسل خانے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:تیل کی گزرگاہ آبنائے ہرمز بند : ایران

یہ بھی پڑھیں