لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دونوں سیمی فائنل میچز کے لیے آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔بدھ کو کولکتہ میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور ایلکس وارف اس میچ میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔ ایلنگ ورتھ نے دو سال قبل اسی مرحلے پر جنوبی افریقہ کی یادگار فتح میں بھی امپائرنگ کی تھی، جب پروٹیز نے افغانستان کو صرف 56 رنز پر آؤٹ کر کے نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس بار، وارف نے گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ کی افغانستان کے خلاف جیت کی نگرانی کی۔
کولکتہ میں ہونے والے اس اہم میچ کے لیے نتن مینن کو تھرڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے، جب کہ راڈ ٹکر چوتھے امپائر ہوں گے۔ میچ ریفرینگ کی ذمہ داری جواگل سری ناتھ کو سونپی گئی ہے، دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ کرس گیفنی اور علاؤالدین پلیکر اس میچ میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے، گیفنی نے 2024 میں اسی مرحلے میں بھارت اور انگلینڈ کے میچ میں بھی امپائرنگ کی تھی جس میں بھارت نے 68 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی میں ایڈرین ہولڈسٹاک تھرڈ امپائر، پال رائفل فورتھ امپائر جبکہ اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔
مزید پڑھیں:لاہور میں منفرد عید فیسٹیول، مستحق افراد کے لیے مکمل شاپنگ مفت


