Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

لاہور میں منفرد عید فیسٹیول، مستحق افراد کے لیے مکمل شاپنگ مفت

لاہور(نیوز ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے بھگوان پورہ (نزد چائنا سکیم، نگینہ مارکیٹ) میں ایک منفرد عید فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جہاں مستحق افراد کو عید کی تمام شاپنگ بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس فیسٹیول میں کپڑے، جوتے، جیولری اور بچوں کا سامان بغیر کسی قیمت کے دستیاب ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ فیسٹیول “فی سبیل اللہ” منعقد کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ایسے افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث عید کی شاپنگ نہیں کر سکتے۔ اس بازار کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں آنے والے افراد کو اپنی پسند کے مطابق چیزیں منتخب کرنے کی مکمل آزادی دی جاتی ہے، جبکہ عملہ سائز اور اشیاء کے انتخاب میں ان کی رہنمائی بھی کرتا ہے۔

فیسٹیول میں خواتین، مردوں اور بچوں کے لیے مختلف اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جہاں تقریباً 1500 سے 3000 روپے مالیت تک کے سوٹ اور جوتے مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ بچوں کے لیے ایک سال سے لے کر 16 سال تک کی عمر کے کپڑے، جوتے اور دیگر ضروری اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ خواتین کے لیے سوٹ اور جیولری کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ معذور افراد کے لیے خصوصی تحائف بھی دیے جا رہے ہیں۔

فیسٹیول سے مستفید ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ جہاں عام حالات میں عید کی خریداری پر ہزاروں روپے خرچ ہوتے ہیں، وہاں یہاں سے انہیں تمام اشیاء مفت مل رہی ہیں جس سے وہ اور ان کے بچے بے حد خوش ہیں۔ ایک معذور خاتون نے بتایا کہ انہیں ایک سال بعد نیا سوٹ اور جوتا ملا ہے، جبکہ بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے لیے بھی مکمل شاپنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ فیسٹیول پانچ روز تک جاری رہتا ہے اور اس کا آغاز 22 فروری سے کیا گیا تھا جو 4 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس فیسٹیول کا تصور قاسم نامی سماجی شخصیت نے پیش کیا جسے مختلف مخیر حضرات کے مالی تعاون سے عملی شکل دی گئی۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ضرورت مند افراد کے چہروں پر خوشی لانا اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہے۔ ان کے مطابق اگر صاحب حیثیت افراد اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کی مدد کریں تو معاشرے میں خوشی اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے الرٹ جاری، اہم تفصیلات جانیں

یہ بھی پڑھیں