بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے شہر بصرہ میں امریکی طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی اطلاع ملی ہے جس کے بعد خطے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تاہم امریکا نے فوری طور پر اس خبر کی تردید کر دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ امریکی فوجی طیارہ بصرہ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ طیارہ حملے کا نشانہ تھا یا غلطی سے زمین پر گرا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد گرنے والے امریکی پائلٹ کی تلاش شروع کردی گئی ہے، مقامی حکام اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور طیارے کے ملبے سے متعلق معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام نے بصرہ میں اپنے طیارے کو مار گرائے جانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں درست نہیں، معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے کویت میں 3 امریکی جنگی طیارے تباہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔ امریکی حکام کے مطابق طیاروں کو غلطی سے ان کے اپنے دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔
حکام نے بتایا کہ تمام 6 پائلٹ اس واقعے میں محفوظ رہے اور انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق خطے میں کشیدگی کے باعث فضائی صورتحال حساس ہے اور مسلسل نگرانی جاری ہے۔
مزید پڑھیں:جنگ میں ایران کی کامیابیوں پر امریکی میڈیا کی رپورٹ جاری، اہم تفصیلات سامنے آگئیں


