ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف دے دیا۔
شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان 48ویں اوور کی تیسری گیند پر 274 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔ قومی ٹیم کے بلے باز معز صداقت نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سلمان آغا نے 64 اور محمد رضوان نے 44 رنز بنائے۔
صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز بنائے۔ راشد حسین نے 3 اور مہدی حسن میراز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن نے کہا کہ وہ پچھلے میچ کی جیت کے فارمولے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اس لیے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
مہدی حسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وہی کھلاڑی میدان میں اتارے گئے ہیں جو پہلا میچ جیتے تھے۔
اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ بلے باز اپنی غلطیوں سے واقف ہیں اور وہ اس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ آج ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپنر ابرار احمد کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں:موبائل پیکجز مہنگے؟ پی ٹی اے نے اچانک بڑا قدم اٹھا لیا


