دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ان افراد کو بڑی رعایت دے دی ہے جن کی اقامت 28 فروری کے بعد ختم ہو گئی تھی، اب وہ 31 مارچ تک بغیر کسی نئے انٹری ویزا کے یو اے ای میں داخل ہو سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی (آئی سی پی) نے خطے کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر بیرون ملک پھنسے ہوئے باشندوں کے لیے بڑا اور ہمدردانہ فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی پی نے کہا کہ 28 فروری 2026 کے بعد ملک سے باہر رہنے والے تمام رہائشیوں کو متحدہ عرب امارات واپس جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
وہ رہائشی جو فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی معطلی کی وجہ سے وقت پر واپس نہیں آ سکے تھے اب وہ 31 مارچ تک بغیر کسی نئے انٹری ویزا کے متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکیں گے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس عرصے کے دوران واپس آنے والے رہائشیوں پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد متاثرہ افراد کو اپنی قانونی حیثیت بحال کرنے اور اپنے مالی بوجھ کو کم کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اور ’ایئر آف دی فیملی‘ کے تحت کیا گیا ہے تاکہ الگ ہونے والے خاندانوں کو دوبارہ ملایا جاسکے۔
اتھارٹی نے تمام ہوائی اڈوں اور آپریشنل مقامات پر ہنگامی اور کاروباری تسلسل کے منصوبوں کو فعال کر دیا ہے تاکہ مسافروں کو واپسی میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ سہولت صرف ان لوگوں کے لیے ہے جن کی رہائش گاہیں فروری کے آخری ہفتے کے بعد متاثر ہوئی تھیں، تاکہ وہ جلد از جلد اپنی ملازمتوں اور خاندانوں میں واپس آسکیں۔
مزید پڑھیں:لکی مروت سے افسوسناک خبر، ایس ایچ او سمیت متعدد اہلکار شہید


