لکی مروت (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے قبائلی سب ڈویژن میں پولیس کی گاڑی کو بارودی سرنگ (ریموٹ کنٹرول) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار 6 اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں علاقے کا ایس ایچ او بھی شامل ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمی اہلکاروں کواسپتال منتقل کردیا گیا ۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے میں ملوث شرپسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے پی پولیس کے بہادر جوانوں نے قوم کے پرامن کل کے لیے اپنا آج قربان کیا، پولیس افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دیں، شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں:مائیکل وان نے جنوبی افریقا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی بے وقوف ترین ٹیم کیوں کہا؟
