Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

پاکستان تاجکستان جوائنٹ ورکنگ گروپ کا چار سال بعد اجلاس

اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاکستان اور تاجکستان کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اہم اجلاس چار سال کے وقفے کے بعد منعقد ہوا، جس میں دوطرفہ تجارت، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون سے متعلق متعدد امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اعداد و شمار میں نمایاں تضاد سامنے آیا۔ مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کے مطابق دوطرفہ تجارتی حجم 29 ملین ڈالر رہا، جبکہ تاجکستان کی جانب سے یہی حجم 43 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

اجلاس میں اس فرق کو دور کرنے پر اتفاق کیا گیا اور دونوں ممالک نے سہ ماہی بنیادوں پر ڈیٹا شیئرنگ کا مؤثر نظام قائم کرنے کا فیصلہ کیا، تاکہ مستقبل میں اس طرح کے اختلافات سے بچا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) پر پیش رفت سست روی کا شکار ہے۔ تاجکستان نے مالی مشکلات اور ممکنہ ریونیو نقصان کے خدشات کے باعث فی الحال اس معاہدے پر پیش رفت سے معذرت کر لی ہے۔

اجلاس میں دونوں ممالک نے درمیانی مدت کے تجارتی روڈ میپ کی تیاری پر بھی اتفاق کیا، جبکہ علاقائی روابط کے فروغ کے لیے ٹرانسپورٹ کوریڈورز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ تاجکستان کی چار فریقی ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ معاہدے میں شمولیت کو ترجیح دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

مزید برآں، فارماسیوٹیکل اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر غور کیا گیا، جبکہ زرعی مصنوعات کی تجارت بڑھانے کے لیے تعاون تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈیجیٹل تعاون اور کسٹمز ڈیٹا کے الیکٹرانک تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مزید پڑھیں‌:کیا الیکشن ملتوی ہوگا؟ بلوچستان سے اہم خبر آگئی

یہ بھی پڑھیں