Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

پرواز کے دوران سنسنی، طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

کولکتہ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا اور بعد میں بحفاظت کولکتہ پہنچ گیا۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ممتا بنرجی نے مغربی بردوان کے پانڈویشور میں ایک پروگرام اور جلسہ عام میں شرکت کی جس کے بعد وہ کولکتہ روانہ ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارے نے اندل ایئرپورٹ سے 3 بجکر 39 منٹ پر ٹیک آف کیا اور اسے معمول کے مطابق 4 بج کر 25 منٹ پر کولکتہ پہنچنا تھا لیکن جیسے ہی طیارہ کولکتہ کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو موسم اچانک خراب ہوگیا، آسمان پر اندھیرا چھا گیا اور شدید اولے اور تیز ہوائیں چلنے لگیں۔

ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے خطرناک حالات کے پیش نظر طیارے کو فوری طور پر لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جس کے نتیجے میں طیارہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک فضا میں چکر لگاتا رہا۔

ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ابتدائی طور پر شمال سے لینڈنگ کی کئی کوششیں کیں لیکن بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ہر بار ناکام رہا۔ ایک موقع پر دوسرے ہوائی اڈے پر روانگی پر بھی غور کیا گیا لیکن چونکہ کافی ایندھن تھا اس لیے جہاز کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں تھا۔

تقریباً 4:49 بجے موسم میں قدرے بہتری آئی، لیکن اولے پڑتے رہے۔ ماہرین کے مطابق ژالہ باری کے دوران لینڈنگ انتہائی خطرناک ہوتی ہے، اس لیے پائلٹ نے مزید کچھ دیر انتظار کیا اور بعد میں رخ تبدیل کرکے جنوب کی طرف اترنے کی کوشش کی جہاں حالات نسبتاً بہتر تھے۔

آخر کار، طیارہ 5:18 بجے کولکاتہ ہوائی اڈے پر بحفاظت اتر گیا اور تقریباً 5:30 بجے وزیر اعلیٰ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان اپنی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوئے۔
مزید پڑھیں‌:عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ ممکنہ تاریخ کی تفصیلات سامنے آگئیں

یہ بھی پڑھیں