کراچی (نیوز ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے بعد پاکستان میں فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہوگیا ہے اور ایئرلائنز نے بھی مکمل بحالی کے لیے نئے فلائٹ شیڈول کی تیاری شروع کردی ہے۔
لاہور سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، بحرین، کویت، دوحہ، جدہ اور دمام کے لیے 9 پروازیں روانہ ہوئیں جب کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 8 پروازیں خلیجی ممالک کے لیے روانہ کی گئیں۔
اسی طرح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے 18، پشاور سے 6 اور ملتان ایئرپورٹ سے 4 پروازیں روانہ کی گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگے گا کیونکہ بعض ممالک کی فضائی حدود جزوی طور پر بند ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث گزشتہ 40 دنوں میں پاکستان سے 3 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں جس سے ہوا بازی کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
مزید پڑھیں:لبنان پر حملے جنگ بندی مذاکرات کو بے معنی بنا دیں گے، ایرانی صدر
