واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا فیصلہ تہران کے ہاتھ میں ہے۔ توقع ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو کھولنے کی جانب پیش رفت کرے گا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، اب گیند ایران کے کورٹ میں ہے اور یہ تہران پر منحصر ہے کہ وہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا فیصلہ کرے۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے اور امریکا اس حوالے سے اپنی ریڈ لائن پہلے ہی واضح کر چکا ہے۔ ایران سے افزودہ مواد کو ہٹانا ضروری ہے۔ امریکا نے ایران سے اپنے ملک سے جوہری مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو توقع ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کو کھولنے کی طرف پیش رفت کرے گا تاکہ عالمی تجارت دوبارہ شروع ہو سکے۔ امریکی صدر نے ایران پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے خلاف اقتصادی دہشت گردی میں ملوث ہے۔
دریں اثنا وطن واپسی پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے فاکس نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سچی مدبرانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
جے ڈی وانس نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بے مثال میزبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے امریکہ ایران ثالثی میں بہترین کردار ادا کیا۔ امریکا اور ایران نے طویل عرصے سے اس طرح کے سنجیدہ مذاکرات نہیں کیے تھے۔
مزید پڑھیں:شادی کے حوالے سے نیا آرڈیننس منظور،مکمل تفصیلات





