انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے جنوب مشرقی صوبے کہرامنماراس کے ایک اسکول میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک طالب علم نے اسکول کے اندر اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ٹیچر سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی گورنر نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور طالب علم بھی مارا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طالب علم نے اپنے والد کے پاس موجود ہتھیار کا استعمال کیا جسے اس نے بڑی چالاکی سے اپنے سکول بیگ میں چھپا لیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور والدین اپنے بچوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر اسکول پہنچ گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر اسکول کو گھیرے میںلے لیااورشواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات جاننے کے لیے واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں جب کہ عوام کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:موسم گرما کی چھٹیوں سےمتعلق نئی اپڈیٹ،مکمل تفصیلات
