Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

سہیل آفریدی کامردان کے لیے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی (sohail afridi)نے مردان میں پاکستان تحریک انصاف(pti) کے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نہ صرف سیاسی صورتحال پر کھل کر اظہار خیال کیا بلکہ ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ حکمت عملی کا بھی اعلان کیا۔

جلسے سے خطاب میں انہوں نے مردان کے لیے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ خطے کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اہم قدم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مردان میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ آج بھی عمران خان کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر یہ تاثر دے رہے تھے کہ عوام باہر نہیں نکلیں گے، مگر مردان کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ اپنے قائد کی کال پر لبیک کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اپنی کوئی ذاتی حیثیت نہیں، اصل طاقت عوام اور عمران خان کی قیادت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ 25 اپریل کو آزاد کشمیر اور یکم مئی کو لاہور جائیں گے، اور اگر عمران خان حکم دیں تو اگلے ہی دن اسلام آباد پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آج بھی ان کے واحد لیڈر ہیں اور وہ ان کی پالیسیوں پر پہلے بھی قائم تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔

خطاب میں انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات ریاستی پالیسیوں کی ناکامی کا نتیجہ ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کے دور میں امن قائم تھا لیکن بعد ازاں دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔

مزیدپڑھیں:خیبرپختونخو اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر و اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ

انہوں نے معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال خراب ہو چکی ہے، جی ڈی پی گروتھ کم ہو گئی ہے، قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مہنگائی نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا جبکہ عام آدمی کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے۔

سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کے علاج اور ملاقاتوں سے متعلق مسائل پر احتجاج جاری رہے گا اور اسے دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس گراؤنڈ میں منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

آخر میں انہوں نے کامیاب جلسے پر پارٹی کارکنان، منتخب نمائندوں اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آئندہ بھی عوامی طاقت کے ذریعے سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں