Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ

لاہور(اوصاف نیوز) منکی پاکس کے کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، میو ہسپتال لاہور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالمدبر کے مطابق رواں سال اب تک منکی پاکس کے 32 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالمدبر نے بتایا کہ اس وقت میو ہسپتال میں منکی پاکس کے 6 مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ لاہور اور اس کے گرد و نواح سے بھی مسلسل نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

ان کے مطابق یہ بیماری ہر عمر کے افراد کو متاثر کر رہی ہے اور حیران کن بات یہ ہے کہ زیادہ تر متاثرہ مریضوں کی کوئی حالیہ بیرونِ ملک سفر کی تاریخ موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ باعثِ تشویش ہے، تاہم عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر عبدالمدبر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر کسی کے جسم پر سرخ دھبے، شدید خارش یا تیز بخار جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منکی پاکس کی کوئی مخصوص اور حتمی دوا موجود نہیں، تاہم زیادہ تر مریض تقریباً 14 دن کے اندر صحت یاب ہو جاتے ہیں، ان کے مطابق خوش آئند بات یہ ہے کہ رواں سال اب تک اس بیماری سے کسی مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال منکی پاکس کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، صحت حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں:مشرقِ وسطیٰ کیلئے فلائٹ آپریشن پھر متاثر،45پروازیں منسوخ

یہ بھی پڑھیں