تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور روشن مستقبل کی ضمانت بھی، اسی مقصد کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)کے تحت “بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام” والدین کو اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے میں مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
یہ پروگرام خاص طور پر ان خاندانوں کے لیے ہے جو مالی مشکلات کے باعث بچوں کو اسکول نہیں بھیج پاتے۔ اس اسکیم کے ذریعے نہ صرف تعلیم کا تسلسل ممکن بنایا جا رہا ہے بلکہ حاضری اور تعلیمی معیار کو بھی بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رجسٹریشن کا طریقہ کار
بچوں کی رجسٹریشن کے لیے والدین کو قریبی بی آئی ایس پی دفتر جانا ہوگا، جہاں بچے کا ب فارم اور رجسٹرڈ موبائل نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔ رجسٹریشن کے بعد ایک انرولمنٹ سلپ جاری کی جاتی ہے جسے متعلقہ اسکول سے تصدیق کروا کر دوبارہ جمع کرانا ہوتا ہے۔ اس سلپ میں کلاس، سیکشن، ٹیچر اور ہیڈ ٹیچر کی تفصیلات درج ہونا لازمی ہیں۔
اہلیت کی شرائط
پروگرام میں شامل ہونے کے لیے بچے کی والدہ کا بینظیر کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے، جبکہ نادرا کا جاری کردہ ب فارم بھی لازمی شرط ہے۔ اس کے علاوہ بچے کی کم از کم 70 فیصد حاضری ضروری ہے، اور اسکول تبدیل کرنے کی صورت میں پروگرام کو اطلاع دینا لازم ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات سے قبل سیاسی درجہ حرارت بلند، الیکشن کمیشن متحرک حکومت کی جواب طلبی
عمر کی حد
پرائمری: 4 سے 12 سال
سیکنڈری: 8 سے 18 سال
ہائیر سیکنڈری: 13 سے 22 سال
وظیفے کی شرح
پرائمری طلبہ: 2500 روپے، طالبات: 3000 روپے
سیکنڈری طلبہ: 3500 روپے، طالبات: 4000 روپے
ہائیر سیکنڈری طلبہ: 4500 روپے، طالبات: 5000 روپے
مزید برآں، پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی بچیوں کو 3000 روپے کا خصوصی بونس بھی دیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ملک میں تعلیمی شرح بڑھانا، خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کو فروغ دینا اور کمزور طبقات کو تعلیم کے ذریعے خودمختار بنانا ہے۔


