Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان،الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال اپریل سے جون تک جاری کیے گئے پہلے ہی موسمی جائزے اور پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے، جس میں ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارشوں اور شدید موسمی سرگرمیوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال شامل ہیں۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گھانچے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، پاراچنار، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں 2 سے 5 مئی تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ گلیشیائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث برف پگھلنے اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جس سے پہاڑی علاقوں میں آمدورفت شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ملک بھر میں شدید بارشوں، ژالہ باری اور طوفانی ہواؤں کا پھر راج متوقع

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں اور کمزور پلوں کو عبور نہ کرنے، اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں اور خطرناک ڈھلوانوں کے قریب نہ جائیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ آندھی اور بارش کے دوران کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے اور ٹریفک کی عارضی بندش کا بھی امکان ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں