Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

ملک بھر میں شدید بارشوں، ژالہ باری اور طوفانی ہواؤں کا پھر راج متوقع

 محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 2 مئی سے شدید موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ(Alert) جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 مئی کی شام سے شمال مغربی علاقوں میں ایک نئی مغربی ہواوں کا سلسلہ داخل ہوگا جو 5 مئی کی صبح تک ملک کے بالائی حصوں کو متاثر کرے گا۔ اس دوران مختلف علاقوں میں گرد آلود آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ شدید گرمی کی لہر میں وقتی کمی بھی متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر

الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اس موسمی نظام سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں بھی اثرات

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی 2 سے 4 مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان جیسے بڑے شہر بھی اس سسٹم کی زد میں آ سکتے ہیں۔

دیگر علاقوں کی صورتحال

گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں 2 مئی کی رات سے 5 مئی تک شدید بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی 2 سے 4 مئی کے دوران آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ممکنہ خطرات اور الرٹ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر سسٹمز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

سی ایس ایس امتحان میں کشمیری خواتین کی شاندار کامیابی، مرد امیدوار پیچھے رہ گئے

انتظامیہ کی ہدایات

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے، ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھنے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور شہریوں کو ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

موسمیاتی رجحان

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ 2026 کے مون سون سیزن کے دوران خطے میں ایل نینو کے اثرات سامنے آنے کا امکان ہے، جو بارشوں اور درجہ حرارت کے پیٹرن کو متاثر کر سکتے ہیں۔

مجموعی طور پر ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں