اسلام آباد (اوصاف نیوز)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔
بارش کے دوران تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں ، لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 8 ملی میٹر اور جوہر ٹاؤن میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر واسا حکام نے الرٹ جاری کر دیا ،ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نکاسی آب کے لیے آپریشنل عملہ فیلڈ میں موجود رہے اور کسی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،شہر میں دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی جبکہ بعض مقامات پر مزید بارش بھی متوقع ہے۔
اسلام آباد میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوارہوگیااور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 18 ڈگری ریکارڈ کیاگیا،وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرارت 28 ڈگری تک جائے گا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق گلگت بلتستان ،چترال اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا ،مری ،کشمیر ،ہزارہ ڈویژن میں شام کے اوقات بارش ہوگی۔
دوسری طرف کراچی میں آج سے گرمی کی شدت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 38 سے40ڈگری کے درمیان رہے گا،ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اورشہرقائدمیں کل درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے
جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے،آج شہرمیں گرمی کی شدت 33 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے،مغرب سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے۔
مزید پڑھیں:پی ایس ایل 11 کا سنسنی خیز فائنل آج کھیلا جائے گا





