نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے وویک وہار میں ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی جو تیزی سے پھیلتے ہوئے تیسری اور چوتھی منزل تک جا پہنچی، جس سے عمارت میں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ ایئر کنڈیشنر کا پھٹنا بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ بجھانے کے لیے 14 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، جبکہ اس دوران درجنوں افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا گیا۔
حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت بھی کر لی گئی ہے۔
انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی کے موسم میں برقی آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت کا موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2 ہزار روپے فیول سبسڈی دینے کا فیصلہ


