Search
Close this search box.
بدھ ,17 جون ,2026ء

عوام کیلئے بُری خبر، ضروری ادویات کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں،بروفین، ایویل، پولی فیکس سب مہنگی، ڈریپ رپورٹ میں بڑا انکشاف

اسلام آباد(اوصاف نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی ایک رپورٹ میں ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد مریضوں اور عام شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عام استعمال کی متعدد ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران کئی سو فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ اضافہ کولڈ اور فلو کے لیے استعمال ہونے والی معروف دوا “کولڈریکس” (Coldrex) کی قیمت میں دیکھا گیا، جس کی قیمت میں 1621 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق 27 روپے میں فروخت ہونے والا پیکٹ اب 475 روپے تک جا پہنچا ہے۔

اسی طرح ہڈیوں کی مضبوطی اور صحت کے لیے استعمال ہونے والی دوا “کال وی” (Kalv) کی قیمت میں 302 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ عام استعمال کی درد کش کریم “بروفین” (Brufen) بھی 244 فیصد سے زائد مہنگی ہو گئی ہے۔

آنکھوں کے انفیکشن اور دیگر مسائل کے لیے استعمال ہونے والی مشہور دوا “پولی فیکس” (Polyfax) کی قیمت 34 روپے سے بڑھا کر 113 روپے مقرر کر دی گئی۔ معدے اور آنتوں کی تکالیف میں استعمال ہونے والی دوا “لیبریکس” (Librax) کی قیمت میں بھی 241 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الرجی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے انجکشن “ایویل” (Avil) کی قیمت 432 روپے سے بڑھ کر 1500 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ قبض کشا سیرپ اور قطروں “Laxoberon” کی قیمتوں میں بھی 200 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح متلی، چکر اور ذہنی بے چینی کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا “اسٹیمیٹل” (Stemetil) کی قیمت میں 188 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

طبی ماہرین اور عوامی حلقوں نے ادویات کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی مختلف وجوہات ہیں جن میں درآمدی لاگت، خام مال کی مہنگائی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

یہ بھی پڑھیں