اسلام آباد (اوصاف نیوز) ایک طرف غیرقانونی تعمیر ات و سوسائٹیز کیخلاف آپریشن جاری ہے تو دوسری وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی بھرمار دیکھی جا رہی ہے، اس سلسلے میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA)نے شہر کی غیر منظور شدہ اور غیر قانونی سوسائٹیز کی اپ ڈیٹ شدہ فہرست جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں سستے پلاٹس، جدید طرزِ زندگی اور سرمایہ کاری پر فوری منافع کے وعدوں کے ساتھ درجنوں ہاؤسنگ سوسائٹیز منظرِ عام پر آئی ہیں، جنہوں نے بہتر مستقبل کی تلاش میں سرگرداں پرامید خریداروں کو اپنی جانب راغب کیا تاہم، اس عمل میں ہزاروں افراد مختلف طریقوں سے دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے۔
سی ڈی اے نے اسلام آباد میں 98 ہاؤسنگ اور ایگرو فارمنگ سکیموں کو باضابطہ طور پر غیر قانونی قرار دے دیا ہے جس سے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اتھارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ان سکیموں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، انہوں نے لازمی منظوری یا این او سی حاصل نہیں کیا ہے۔ اس کے باوجود، اطلاعات کے مطابق ان میں سے بہت سی سوسائٹیز سستے پلاٹس، فارم ہاؤسز اور رہائشی یونٹس کی دلکش پیشکشوں کے ذریعے سادہ لوح خریداروں کو اب بھی پھنسا رہی ہیں۔
اسلام آباد کی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزاس فہرست میں کڑی روڈ، لہتراڑ روڈ، سملی ڈیم روڈ، پارک روڈ، بنی گالہ اور اسلام آباد ہائی وے جیسے علاقے شامل ہیں۔ معروف ناموں والے منصوبے جیسے عبداللہ گارڈنز، غوری ٹاؤن کے مختلف فیز، گرین ویلی، فیصل ٹاؤن اور درجنوں دیگر کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جس سے ان سرمایہ کاروں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے جو پہلے ہی ان کے ساتھ لین دین کر چکے ہیں۔
سی ڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ آرڈیننس 1960 اور آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشنز 1992 کے تحت، اسلام آباد میں ہاؤسنگ سکیموں کو ریگولیٹ کرنے، منظور کرنے اور نگرانی کرنے کا اختیار صرف اسی کے پاس ہے۔ اتھارٹی نے وضاحت کی کہ کسی بھی قانونی منصوبے کے لیے ایک سخت منظوری کے عمل سے گزرنا ضروری ہے
، جس کا آغاز لے آؤٹ پلان کی منظوری سے ہوتا ہے اور تمام شرائط پوری ہونے کے بعد این او سی جاری کیا جاتا ہے۔ مرحلہ وار کلیئرنس کے بغیر کوئی بھی ترقیاتی کام یا پلاٹ کی فروخت قانونی طور پر معتبر نہیں ہے،حکام نے عوام سے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور کہاہے کہ سرمایہ کاری سے پہلے سی ڈی اے کے آفیشل ذرائع سے کسی بھی ہاؤسنگ پروجیکٹ کی تصدیق کریں۔
غیر معمولی طور پر سستی یا جلد بازی والی ڈیلز دینے والی سکیموں سے پرہیز کریں۔مشکوک تعمیرات یا ڈویلپمنٹس کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔
مزید پڑھیں:مشہور اداکارشکتی کپور بارےموت کی خبر ؛ویڈیو پیغام جاری کردیا
