کوئٹہ (نیوز ڈیسک) عید کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ کے اوقات کار جاری کر دیئے گئے، تینوں روز گیس کے اوقات کار مختلف ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ میں گیس کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ کمپنی کے فراہم کردہ شیڈول کے مطابق عید کے تینوں دنوں میں گیس کے اوقات مختلف ہوں گے۔
کوئٹہ کے شہریوں کو عید کے پہلے روز بڑا ریلیف ملے گا، جہاں صبح 5 بجے سے رات 12 بجے تک مسلسل گیس فراہم کی جائے گی۔ تاہم رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔
عید کے دوسرے روز گیس کی سپلائی کے اوقات میں قدرے کمی کردی گئی ہے، دوسرے روز صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک گیس دستیاب رہے گی جب کہ رات 10 بجے سے اگلی صبح 5:45 بجے تک گیس بند رہے گی۔
عید کے تیسرے روز لوڈ شیڈنگ کا شیڈول کافی سخت رکھا گیا ہے۔ تیسرے روز صبح 5 بجکر 45 منٹ سے صبح 9 بجے تک گیس دستیاب رہے گی جس کے بعد صبح 9 سے 12 بجے تک گیس بند رہے گی۔ اس کے بعد گیس دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک ملے گی، جب کہ لوڈ شیڈنگ سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک بحال رہے گی۔
اس کے بعد شام 6 بجے سے رات 10 بجکر 45 منٹ تک گیس دستیاب رہے گی جبکہ رات 10 بجکر 45 منٹ سے صبح 6 بجکر 45 منٹ تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ کوئٹہ کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کے پکوان بناتے وقت ان اوقات کو مدنظر رکھیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزیدپڑھیں:تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑی خوشخبری،ٹیکس میں کمی کی تجویز