Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

ملک میں مہنگائی کی شرح 23 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

مہنگائی کی شرح

اسلام آباد: مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مئی 2026 کے دوران ملک میں افراطِ زر دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق مئی میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی 11.66 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو جون 2024 کے بعد سب سے زیادہ سطح ہے۔

رپورٹ کے مطابق اپریل 2026 میں مہنگائی کی شرح 10.89 فیصد تھی، تاہم ایک ماہ کے دوران اس میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ماہانہ بنیاد پر مئی میں مہنگائی میں 0.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مئی 2025 میں مہنگائی صرف 3.5 فیصد تھی، جبکہ رواں سال یہی شرح بڑھ کر 11.66 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ جولائی 2025 سے مئی 2026 تک اوسط افراطِ زر 6.69 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق شہری علاقوں میں مئی کے دوران ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 0.68 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 0.30 فیصد رہی۔ سالانہ بنیاد پر شہری علاقوں میں مہنگائی 11.79 فیصد اور دیہی علاقوں میں 11.48 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش، توانائی اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کے دباؤ کو بڑھایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں میں استحکام نہ آیا تو آنے والے مہینوں میں عوام پر مزید معاشی بوجھ پڑ سکتا ہے۔

اقتصادی حلقے اب آئندہ وفاقی بجٹ اور حکومتی پالیسیوں پر نظریں جمائے ہوئے ہیں تاکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں