کراچی: شاہین آفریدی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور اطلاعات ہیں کہ قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے آئندہ ٹیسٹ دوروں سے باہر ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں ریڈ بال کیمپ کے لیے اعلان کردہ 22 رکنی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہیں کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں عدم شرکت کی وجہ سے انہیں آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے زیر غور نہیں لایا جا رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں یہی شرط لاگو نہیں کی گئی تھی اور شاہین ٹیم کا حصہ تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے اپنے آخری 16 ٹیسٹ میچز میں 60 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ مجموعی طور پر 34 ٹیسٹ میچز میں ان کے نام 126 وکٹیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے بعض نوجوان فاسٹ بولرز کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ محمد علی اور عبید شاہ کے نام سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر چکے ہیں، جبکہ محمد عباس، عامر جمال اور خرم شہزاد بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 22 کھلاڑیوں پر مشتمل ریڈ بال کیمپ 10 جولائی تک جاری رہے گا۔ پاکستان ٹیم 25 جولائی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، جبکہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔
کرکٹ حلقوں میں اس پیش رفت کو حیران کن قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ شاہین آفریدی ٹیسٹ ٹیم کے اہم ترین فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے ہیں اور ماضی میں بیرون ملک سیریز میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں۔


