لاہور: محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے پاک فوج اور پاکستان رینجرز کی خدمات طلب کر لی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے کے 39 اضلاع میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر 137 کمپنیوں کی خدمات مانگی گئی ہیں۔ درخواست کے مطابق پاک فوج کی 61 جبکہ رینجرز کی 76 کمپنیوں کو مختلف اضلاع میں تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے دستے یکم محرم سے 11 محرم الحرام تک حساس مقامات، جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے فرائض انجام دیں گے۔ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فول پروف سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران لاکھوں عزادار مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں، اس لیے سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید بتایا گیا کہ محرم الحرام سکیورٹی کے حوالے سے یہ اقدام پنجاب پولیس کی سفارش پر کیا گیا ہے تاکہ صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور جلوسوں و مجالس کے شرکاء کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں گے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

