Search
Close this search box.
پیر ,08 جون ,2026ء

پاسپورٹ اور امیگریشن فیس کی ادائیگی اب موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہوگی

اسلام آباد: پاسپورٹ فیس موبائل ایپ کے ذریعے ادا کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک نجی بینک کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی، جس میں پاسپورٹ اور امیگریشن فیس کی ادائیگی کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مجوزہ نظام کے تحت شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے مخصوص ایپ استعمال کرتے ہوئے پاسپورٹ اور امیگریشن فیس براہِ راست جمع کرا سکیں گے۔ نجی بینک نے اس کی تکنیکی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے خدمات کی فراہمی مزید تیز، شفاف اور مؤثر ہو جائے گی۔

حکام کے مطابق امیگریشن ادارے اور نجی بینک کے درمیان نئے نظام کے نفاذ کے لیے حتمی طریقہ کار پر اتفاق ہو چکا ہے، جو ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

پاسپورٹ فیس موبائل ایپ کے ذریعے جمع کرانے کی سہولت وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ، آسان اور جدید ادائیگی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ امیگریشن خدمات کو مزید صارف دوست اور مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

دوسری جانب امیگریشن حکام نے عوام کو ایک فراڈ سے بھی خبردار کیا ہے۔ حکام کے مطابق ایک شخص مبینہ طور پر اسلام آباد کے جی-10 ریجنل پاسپورٹ آفس کی گوگل میپس لوکیشن کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے ذاتی رابطہ نمبرز اور ای میل ایڈریس درج کر کے شہریوں سے جاز کیش اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے غیر قانونی رقوم طلب کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں