لبنان(نیوز ڈیسک)جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 14 افراد شہید ہوگئے جبکہ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر بمباری جاری رکھی تو وہ دوبارہ اسرائیل پر حملے کرے گا۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی شہر صور (Tyre) میں ریڈ کراس مرکز کے قریب اسرائیلی حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے، جن میں ریڈ کراس کے چار طبی اہلکار بھی شامل ہیں۔
وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ جنوبی علاقے مروانیہ میں ایک اور حملے کے نتیجے میں دو افراد جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے۔ اس سے قبل ضلع نبطیہ کے علاقے زفتا میں علی الصبح ہونے والے حملے میں7 افراد جان سے گئے، جن میں ایک شامی بچہ اور ایک خاتون بھی شامل تھے۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صور میں ایک گاڑی کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، عینی شاہدین کے مطابق امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
دوسری جانب ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں موجود اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا تاہم اسرائیلی سرزمین پر کسی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اسرائیل اور ایران نے حالیہ جوابی کارروائیوں کے سلسلے کے خاتمے کا اعلان کیا ہے ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل لبنان میں اپنی کارروائیاں جاری رکھتا ہے تو اس کے جواب میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
ایرانی فوج کے مرکزی کمانڈ نے بیان میں کہا کہ اگر جنوبی لبنان سمیت کسی بھی مقام پر جارحیت جاری رہی تو پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور تباہ کن ردعمل دیا جائے گا۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایرانی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ کے خلاف لبنان میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی، ان کا کہنا تھا کہ شمالی اسرائیل پر ہونے والے ہر حملے کے جواب میں بیروت کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ادھر حزب اللہ نے پیر کو جنوبی لبنان میں داخل ہونے والی اسرائیلی افواج پر متعدد حملوں کا دعویٰ کیا جبکہ اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان سے فائر کیے گئے تین راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ لبنان کا کہنا ہے کہ 2 مارچ سے جاری کشیدگی کے دوران اسرائیلی حملوں میں 3,600 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، اپریل میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود سرحدی علاقوں میں جھڑپیں اور فضائی حملے جاری ہیں۔
مزید پڑھیں۔بھارت کے سابق بین الاقوامی کرکٹ امپائر وی وکرم راجو انتقال کر گئے


