اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان طویل کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کے نتیجے میں دنیا ایک نئے دور میں داخل ہو گئی ہے۔
انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان سمیت پوری عالمی برادری کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر اور مسرت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ اور سولہ دن کے دوران جاری رہنے والی کشیدگی اور جنگی صورتحال نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کو بھی متاثر کیا، جبکہ پاکستانی معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔ تاہم اب ایران اور امریکہ کی جانب سے تمام محاذوں پر جنگ کے مستقل خاتمے کے اعلان کے بعد امن کا نیا باب کھل گیا ہے جس کے مثبت معاشی اثرات بھی جلد سامنے آئیں گے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ اس تاریخی امن معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی اور اس تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سفارت کاری، مذاکرات اور دانشمندانہ قیادت کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے اس کامیابی پر پاکستانی قوم، عالمی برادری، پارلیمنٹ کے تمام اراکین اور سیاسی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد کے معاملے پر تمام سیاسی قوتوں نے مثبت کردار ادا کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مشکل حالات میں تحمل، بردباری اور مذاکرات کو ترجیح دینے والی قیادت قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے امن عمل میں قطر، سعودی عرب، ترکی اور چین کے کردار کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور چینی صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کی کوششوں نے مذاکراتی عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے شعلوں کو ٹھنڈا کرنے اور امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے مخلصانہ اور مسلسل کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں آج دنیا ایک بڑے بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں ایسے تاریخی لمحات کے لیے صدیوں انتظار کرتی ہیں اور یہ کامیابی ہر پاکستانی کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن عمل میں ان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نہایت اہم اور غیر معمولی کردار ادا کیا، جنگ کے خطرات کو کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے دن رات کام کیا اور تمام مشکلات کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں، وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات اور وزارت خارجہ کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان تمام افراد کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان عالمی امن کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے میں کامیاب ہوا۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں موجود ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ خطے میں امن، استحکام اور تعاون کا یہ نیا دور مزید مضبوط ہوگا۔
مزید پڑھیں۔پاکستان کے ممتاز عالم دین مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی انتقال کر گئے
