اسلام آباد: اسکول کب کھلیں گے؟ یہ سوال گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبہ اور والدین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس حوالے سے نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی ادارے مقررہ وقت سے پہلے، یعنی 3 اگست 2026 سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے۔
نجی تعلیمی اداروں کی تنظیم پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان کا اجلاس صدر ملک عبدالصمد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل، نجی اسکولوں کو درپیش مسائل اور حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں شرکا نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ شیڈول کے مطابق اسکول 24 اگست 2026 کو کھلنے ہیں، تاہم طویل تعطیلات سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لیے حکومت گرمیوں کی چھٹیوں کا دورانیہ کم کرتے ہوئے نجی اسکولوں کو 3 اگست سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دے۔
اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ اگر اسکول جلد کھول دیے جائیں تو طلبہ کا تعلیمی نقصان کم ہوگا اور نصاب بھی بروقت مکمل کیا جا سکے گا۔
غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کو ہدایت
اس موقع پر صدر پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان ملک عبدالصمد نے غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بلا رکاوٹ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔
پنجاب حکومت کا موجودہ شیڈول
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں و کالجوں میں 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ سرکاری شیڈول کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔
تاہم اب تک حکومت کی جانب سے تعطیلات کم کرنے یا 3 اگست سے اسکول کھولنے کے مطالبے پر کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

