اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ رینکنگ 2026 میں ایک بار پھر تنزلی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ درجہ بندی کے مطابق پاکستان ایک درجہ نیچے آ کر 101ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے اور دنیا کے چوتھے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا کے 199 ممالک کے پاسپورٹس کا جائزہ لیتا ہے اور یہ درجہ بندی اس بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے کہ کسی ملک کے شہری بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کے کتنے ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔
تازہ رپورٹ کے مطابق مئی 2026 میں پاکستانی شہریوں کو 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل تھی، تاہم جولائی میں یہ تعداد کم ہو کر 29 رہ گئی، جس کے باعث پاکستان کی عالمی درجہ بندی 100ویں سے گر کر 101ویں نمبر پر آ گئی۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2021 سے پاکستان مسلسل دنیا کے چار کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔ اس وقت صرف افغانستان، عراق اور شام کے پاسپورٹس پاکستان سے کمزور قرار دیے گئے ہیں، جبکہ یمن ایک درجہ بہتر پوزیشن پر موجود ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ رینکنگ 2026 کے مطابق پاکستانی شہری بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، روانڈا، دی گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، وانواتو اور چند دیگر ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمبوڈیا، مالدیپ، نیپال، مڈغاسکر، پلاؤ، ساموا، سینیگال، سیرا لیون اور دیگر ممالک میں ویزا آن ارائیول کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رواں برس کیپ ورڈے، موزمبیق اور قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت ختم کر دی، جس کے باعث پاکستان کی عالمی درجہ بندی مزید متاثر ہوئی۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور بدستور دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ رکھتا ہے، جہاں کے شہری 192 مقامات پر ویزا فری یا آسان سفری رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے جبکہ سویڈن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

