لندن: عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہیں۔ پرتگال کے اسٹار فٹبالر نے اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز “Day Ones” کے ذریعے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں باضابطہ قدم رکھ دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق النصر کے کپتان اس منصوبے میں صرف ایگزیکٹو پروڈیوسر ہی نہیں بلکہ تخلیقی عمل کا بھی اہم حصہ ہوں گے۔ یہ سیریز ان کی پروڈکشن کمپنی UR-Marv Studios کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے، جسے انہوں نے معروف برطانوی فلم ساز اور ہدایت کار میتھیو وان کے اشتراک سے قائم کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق “Day Ones” کی کہانی ایک فرضی فٹبال ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے، جو جدید فٹبال کی دنیا میں طاقت، کاروباری مفادات، شہرت اور سخت مقابلے جیسے چیلنجز کا سامنا کرتا ہے۔ سیریز میں فٹبال کی چکاچوند کے پیچھے چھپی حقیقت کو منفرد انداز میں پیش کیا جائے گا۔
اس ٹی وی سیریز کی کاسٹ بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے، جس میں سابق فرانسیسی فٹبال لیجنڈ تھیری ہنری، برطانوی اداکار ڈیمین لیوس، ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات شامل ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سیریز کی شوٹنگ شمال مغربی لندن میں جاری ہے، جبکہ اسے مستقبل میں مختلف اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ کھیل اور ڈرامے کے امتزاج کے باعث شائقین میں خاصی مقبولیت حاصل کر سکتا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو ہالی ووڈ میں انٹری کے ساتھ اپنے کاروباری اور تخلیقی سفر کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔ فٹبال کے میدان میں بے شمار کامیابیوں کے بعد وہ اب فلم اور ٹی وی کی دنیا میں بھی اپنی شناخت بنانے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔

