Search
Close this search box.
منگل ,16 جون ,2026ء

نئے ہجری سال پر غلافِ کعبہ کی تبدیلی، روحانی منظر نے دل موہ لیے

مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب

مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی سالانہ اور پروقار تقریب نئے اسلامی سال کے آغاز پر منعقد ہوئی، جس میں حرمین شریفین کی انتظامیہ اور کسوہ فیکٹری کے ماہرین نے حصہ لیا۔

رپورٹس کے مطابق بیت اللہ شریف پر نیا غلاف چڑھانے کا عمل انتہائی منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔ اس اہم فریضے میں کسوہ فیکٹری کے تقریباً 250 ماہرین اور تکنیکی کارکنان شریک ہوئے، جنہوں نے پرانے غلاف کو احتیاط سے اتار کر نیا غلاف نصب کیا۔

حرم انتظامیہ کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کا پورا عمل تقریباً چار گھنٹوں میں مکمل ہوا۔ اس دوران مسجد الحرام میں موجود لاکھوں زائرین معمول کے مطابق طواف، نماز اور عبادات میں مصروف رہے جبکہ انتظامی امور بھی بلا تعطل جاری رہے۔

غلافِ کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا جاتا ہے جس پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآنی آیات کشیدہ کی جاتی ہیں۔ ہر سال اس مقدس غلاف کی تبدیلی دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک روحانی اور یادگار لمحہ ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں 2022 سے غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی سالانہ تقریب یکم محرم الحرام کو منعقد کی جا رہی ہے۔ اس روایت کا مقصد نئے اسلامی سال کا آغاز اس بابرکت اور تاریخی تقریب کے ساتھ کرنا ہے۔

دنیا بھر کے مسلمان اس روح پرور منظر کو عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسے اسلامی تہذیب و ثقافت کی ایک اہم علامت تصور کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں