Search
Close this search box.
منگل ,16 جون ,2026ء

سلمان خان کے خلاف بیان دینے کی شرط پر اداکار کا فلم چھوڑنے کا دعویٰ

ممبئی: بھارتی اداکار سونو مشرا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک متنازع فلم کی شوٹنگ شروع ہونے کے صرف دو روز بعد ہی منصوبے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی کیونکہ معاہدے میں سلمان خان کے خلاف بیان دینے کی شرط شامل تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونو مشرا کو فلم ’’کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی‘‘ میں سلمان خان کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ اداکار نے بتایا کہ ابتدا میں وہ اس کردار کے لیے کافی پرجوش تھے، تاہم معاہدے کی تفصیلات سامنے آنے پر انہیں فلم کے اصل مقصد کا اندازہ ہوا۔

سونو مشرا کے مطابق معاہدے میں ایسی شرائط شامل تھیں جن کے تحت انہیں میڈیا میں سلمان خان کے خلاف بیان دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شرط ان کے پیشہ ورانہ اصولوں اور ذاتی اقدار کے خلاف تھی، اسی لیے انہوں نے فلم سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

اداکار نے مزید دعویٰ کیا کہ فلم چھوڑنے کے بعد انہیں قانونی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی ایسی مہم کا حصہ نہیں بن سکتے جس کا مقصد کسی شخصیت کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنا ہو۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سینئر بھارتی اداکار گووند نام دیو بھی اس فلم سے لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ انہیں فلم کے اصل موضوع اور مقصد سے مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا اور ٹریلر دیکھنے کے بعد انہیں حقیقت کا علم ہوا۔

دوسری جانب بالی ووڈ سپر اسٹار Salman Khan نے فلم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فلم میں ان کی شخصیت اور قانونی حقوق کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تنازع 1998 میں سامنے آنے والے کالا ہرن شکار کیس کے پس منظر میں دوبارہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں