لاہور: بجلی کی بندش کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آیا ہے، جس کے مطابق لاہور اور سکھر کے مختلف علاقوں میں مرمت اور نظام کی بہتری کے لیے بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مطابق بدھ 17 جون کو کئی گرڈ اسٹیشنز سے منسلک علاقوں میں صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بجلی کی فراہمی بند رہے گی۔ یہ اقدام بجلی کے نظام کو مزید مؤثر اور مستحکم بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
لیسکو کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بھائی پھیرو، چونگ، ایمکو، غازی، کاہنہ، خانقاہ ڈوگراں، مومن پورہ، قلعہ ستار شاہ، مکہ کالونی، سرفراز نگر، شالیمار، سکھ چین، گجومتہ، لیاقت آباد اور نیو کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشنز سے منسلک علاقوں میں بجلی متاثر ہوگی۔
اسی طرح مختلف فیڈرز پر بھی کام کیا جائے گا جس کے باعث رہائشی اور صنعتی صارفین کو عارضی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لیسکو حکام نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی روزمرہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اسی حساب سے کریں۔
دوسری جانب سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) نے بھی 15 جون سے 18 جون تک بعض علاقوں میں بجلی کی بندش کا شیڈول جاری کیا ہے۔ اس دوران روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بجلی معطل رہے گی۔
سیپکو کے مطابق رائل روڈ، پیر مراد شاہ، جمانی، جناح چوک، گولیمار، جئے شاہ اور اربن فیڈرز سے منسلک علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگی۔ حکام نے شہریوں کو خصوصی طور پر پانی ذخیرہ کرنے سمیت ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ مرمتی کام مکمل ہوتے ہی بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال کر دی جائے گی۔
