اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو غیر ضروری بیلنس کٹوتیوں سے بچانے کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کرا دی جس سے بآسانی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
اس اقدام کے تحت ملک بھر کے تمام موبائل آپریٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ صارفین کو اپنے موبائل نمبرز پر فعال ویلیو ایڈڈ سروسز کی معلومات حاصل کرنے اور غیر ضروری سروسز کو فوری طور پر بند کرنے کی سہولت فراہم کریں۔ اس فیصلے کا مقصد موبائل صارفین کو اپنے اکاؤنٹس اور بیلنس پر زیادہ شفاف اور مؤثر کنٹرول دینا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں صارفین کی جانب سے بارہا شکایات سامنے آتی رہی ہیں کہ ان کے موبائل بیلنس سے مختلف سروسز کی مد میں رقم کٹ رہی ہے حالانکہ انہیں ان سروسز کے فعال ہونے کا علم بھی نہیں ہوتا۔ کالر ٹیونز، رنگ بیک ٹونز، نیوز الرٹس، گیمز، تفریحی مواد اور دیگر سبسکرپشن سروسز اکثر صارفین کے بیلنس میں غیر محسوس انداز میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔ بعض اوقات یہ سروسز غلطی سے فعال ہو جاتی ہیں جبکہ کئی صارفین وقت گزرنے کے ساتھ ان کی موجودگی کو بھول جاتے ہیں۔
پی ٹی اے کی نئی ہدایات کے مطابق اب ہر صارف اپنے موبائل نمبر پر فعال تمام ویلیو ایڈڈ سروسز کی تفصیلات آسانی سے حاصل کر سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف موبائل کمپنیوں نے مخصوص کوڈز فراہم کیے ہیں جنہیں ڈائل کر کے صارف چند لمحوں میں معلوم کر سکتا ہے کہ اس کے نمبر پر کون کون سی اضافی سروسز چل رہی ہیں اور ان میں سے کون سی سروس اس کے بیلنس سے رقم کاٹ رہی ہے۔ اس کے بعد صارف اپنی مرضی سے غیر ضروری سروسز کو بند بھی کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام صارفین کے مالی مفادات کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ موبائل صارفین کی ایک بڑی تعداد طویل عرصے سے غیر واضح کٹوتیوں کے باعث پریشان تھی اور اکثر انہیں معلوم نہیں ہوتا تھا کہ بیلنس کس وجہ سے کم ہو رہا ہے۔ نئی سہولت نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گی بلکہ موبائل کمپنیوں کو بھی صارفین کی رضامندی کے بغیر کوئی اضافی سروس فعال کرنے سے روکے گی۔
پی ٹی اے نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ کسی بھی ویلیو ایڈڈ سروس کو صارف کی واضح اجازت کے بغیر فعال نہیں کیا جا سکتا۔
اگر کسی صارف کو شبہ ہو کہ اس کے نمبر پر کوئی سروس بغیر اجازت فعال کی گئی ہے یا بیلنس کی غیر معمولی کٹوتی ہو رہی ہے تو وہ پہلے متعلقہ موبائل آپریٹر سے رابطہ کرے۔ اگر مسئلہ حل نہ ہو تو صارف پی ٹی اے کے شکایتی نظام کے ذریعے اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے جس پر ریگولیٹری اتھارٹی کارروائی کرے گی۔
ٹیلی کام شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سہولت لاکھوں صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی خصوصاً ان افراد کے لیے جو پری پیڈ کنکشن استعمال کرتے ہیں اور روزمرہ بنیادوں پر بیلنس کٹوتیوں کا سامنا کرتے ہیں۔
نئی پالیسی کے ذریعے صارفین کو اپنے موبائل اخراجات پر مکمل نگرانی حاصل ہوگی، غیر ضروری سبسکرپشنز ختم ہوں گی اور موبائل بیلنس کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی۔ پی ٹی اے کا یہ اقدام ڈیجیٹل صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کام سیکٹر میں شفافیت بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ضروری سروسز کو کیسے بلاک یا ان سبسکرائب کیا جا سکتا ہے؟
غیر ضروری ویلیو ایڈڈ سروسز (وی اے اسی) کو بند کرنے یا ان سبسکرائب کرنے کا طریقہ نہایت آسان ہے۔ سب سے پہلے آپ اپنے موبائل نیٹ ورک کے مطابق مخصوص USSD کوڈ ڈائل کریں، جیسے جاز یا زونگ کے لیے *6611#، ٹیلی نار کے لیے *4444# اور یوفون کے لیے *7803# یا *6869#۔ کوڈ ڈائل کرنے کے بعد آپ کے سامنے ایک مینو کھل جائے گا یا آپ کو ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں آپ کے نمبر پر فعال تمام سروسز کی تفصیل موجود ہوگی۔ اس فہرست میں سے آپ آسانی سے وہ سروس منتخب کر سکتے ہیں جسے آپ بند کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے بعد عام طور پر ’ان سسکرائب‘، ڈی ایکٹیو‘ یا ’کینسل سبسکرپشن‘ کا آپشن دیا جاتا ہے جسے منتخب کرنے پر وہ سروس فوری طور پر بند ہو جاتی ہے۔
کچھ صورتوں میں آپ کو کنفرمیشن کے لیے دوبارہ ’اوکے‘ یا ’ریپلائی‘ کرنا پڑتا ہے جس کے بعد سروس مکمل طور پر ڈی ایکٹیویٹ ہو جاتی ہے۔ اگر کسی وجہ سے ’یو ایس ایس ڈی‘ کوڈ کام نہ کرے تو آپ متعلقہ موبائل کمپنی کی آفیشل موبائل ایپ جیسے ’مائی جاز‘ ’مائی زونگ‘، ’مائی ٹیلی نار‘ یا ’یوفون ایپ‘ کے ذریعے بھی لاگ اِن کر کے وہاں سے بھی تمام فعال سروسز دیکھ کر انہیں بند کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔ایران امریکا معاہدے پر دستخط کا مقام تبدیل، میزبانی پاکستان کرے گا

